Mahmood Asghar
Choudhary
Home
Columns
Immigration Columns
Pictures
Contacts
Feedback
فیض.. 36واںحصہ .... 16دسمبر 2024
Download Urdu Fonts
فیض ۔۔۔۔۔۔۔۔36 واں حصہ بشیر صاحب ہمارے دسویں جماعت میں ٹیچر تھے ۔ ان کا تعلق جماعت اسلامی سے تھا لیکن وہ کسی کو بتاتے نہیں تھے ۔پوری کلاس کا خیال تھا کہ بشیر صاحب وہابی ہیں ۔کیونکہ وہ کبھی کبھی ایسے کمنٹ کر دیتے جو ہمیں ناگوار گزرتے ۔ مثلاً مسجد میں کوئی اسپیکر آن کر کے درود شریف پڑھنا شروع کرتا تو کہتے دیکھنا اب اس نے درود شریف پڑھا ہے آخر میں یہ اعلان کرے گا کہ فلاں شخص کی مرغی گم گئی ہے ۔درود شریف کو بھی انہوں نے مذاق بنا کر رکھ دیا ہے ۔ اس طرح ہمارا وہم یقین میں بدل چکا تھا کہ بشیر صاحب کو درود شریف سے کوئی اتنی محبت نہیں ہے ۔ بہرحال ایک دن طلباء نے اپنا شک نکالنے کی ٹھان لی ۔ ایک دن وہ ایسے ہی کسی مذہبی موضوع پر گفتگو کر رہے تھے تو ایک لڑکے نے سوال کیا ۔سر جی آپ کیا سمجھتے ہیں کہ بزرگان دین جو فوت ہوچکے ہیں کیا ان کے درباروں سے فیض جاری ہے یا نہیں ؟بشیر صاحب کہنے لگے کہ سب سے پہلے تو یہ جاننا ضروری ہے کہ فیض ہے کیا؟ اگر تو بزرگان دین نے جو تعلیمات دی ہیں ان پر عمل کرنے کا نام فیض ہے تو یقیناً جاری ہے ۔ مثلاً اگر آپ کوئی دوکان کھولتے ہیں بزنس شروع کرتے ہیں تو بزرگان دین کے اس قول پر عمل کرتے ہیں کہ دیانتداری اپناؤ ، پورا تولو، ملاوٹ نہ کرو ، ذخیرہ اندوزی نہ کرو ، ناجائز منافع نہ کماؤ تو یقیناً بزرگان دین کی تعلیمات کے فیض سے آپ کا بزنس چمک اٹھے گا اور آپ ترقی کرو گے لیکن اگر کاروبار کے تمام اصولوں کو توڑ دیتے ہیں اور صرف کسی بزرگ کا تعویز لا کر لٹکا دیتے ہیں تو اس سے بزنس کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا اور ایسے کسی فیض کو میں نہیں مانتا ۔۔ ۔۔ اس دن بشیر صاحب نے یہ بات اس انداز سے سمجھائی کہ مجھے پوری زندگی کے لئے سبق دے گئی کہ ہر وہ شخص جو زندگی کی بارے کوئی سبق دیتا ہے ا سکی بات کا فیض ساری زندگی ملتا رہتا ہے ۔ پھر چاہے وہ کوئی بابا کانواوالہ سرکار ہوں یا پھر باباجی برٹرینڈ رسل ، شاہدولہ سچی سرکار ہوں یا کارل مارکس ، بلب ایجاد کرنے والا ایڈیسن ہو یا غلامی کا خاتمہ کرنے والا ابراہیم لنکن ہو ۔ یہ سب بابے بڑے کمال کے ہیں اور ان کا فیض حاصل کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کی تعلیمات کو جانچنے سیکھنے اور پرکھنے کی کوشش کی جائے وہیں سے فیض ملے گا ۔ ان کے مزار پر دھا گہ باندھنے سے یا ڈولی چڑھانے سے کچھ نہیں ملے گا ۔
آج کئی سال بعد میری خواہش پوری ہوئی تھی ۔ میں اس کیار الوبک سے ملنے پہنچے تھا جس کی تحریریں ، تقریریں اور فلسفہ میں پچھلے کئی مہینوں سے میں یاد کر چکا تھا ۔ اس کی تنظیم کی جانب سے منعقد کئے جانے والے جلسوں میں بول چکا تھا ۔ آج تین ہزار کے مجمعے کے سامنے اسلام کی بات کر چکا تھا ۔ اور لوگوں نے خندہ پیشانی سے سنا تھا ۔ یہ اسی محترمہ کی تعلیمات کا اثر تھا ۔ جلسہ ختم ہوا تو لوگ جوق در جوق اس سے ملنے جار ہے تھے ۔ مسیحی مائیں اپنے بچوں کو آشیرباد دلانے لا رہی تھی ۔ کیارا اپنے مسیحی مریدوں کے جھرمٹ میں انہیں دعائیں دے رہی تھیں ۔ ان کی کمر تھپتھا رہی تھیں تو اس وقت وہ مجھ سے صرف چند قدم کے فاصلے پر تھیں میں تھوڑی سی دھکم پیل کر تا تو اس کے بہت قریب پہنچ جاتا ۔ اور اپنا تعارف ایک مسلم فین کے طور پر کراتا تو شاید وہ زیادہ خوش ہوتیں اور بلیسنگ دے دیتی لیکن مجھے اپنے بچپن کے وہابی استاد محترم بشیر صاحب کی بات یاد آگئی کہ اصل فیض تو بزرگوں کی تعلیمات جاننا ہے ۔ اور میں جانتا تھا کہ کیارا لوبک کی کتابیں ، ا سکا فلسفہ ، اسکی جدوجہد میں ان سب مریدوں سے بھی بہتر جان چکا ہوں ۔ اس کا پیغام بالکل ہی انوکھا تھا ۔ وہ تمام مذاہب میں سنہری اصول ڈھونڈ کر مکالمے کی بنا پر محبت کا درس دیتی تھی ۔ اور یہی میں نے اس سے سیکھ لیا تھا۔ مجھے اب کوئی وہابی ، کوئی شیعہ ، کوئی سنی تو دور کوئی ہندو، کوئی سکھ ، کوئی یہودی ، کوئی مسیحی اور کوئی ملحد بھی محض تفرقہ کی بنا پر قابل نفرت نہیں لگتا ۔ فرقہ پرستی کو اس نے میری سوچ کی جڑوں تک سے نکال دیا تھا ۔ مکالمہ کا ایک نیا لفظ میرے ذہن میں بٹھا دیا تھا جس کی بنا پر کسی سے جھگڑا کرنے کی ضرورت نہیں رہتی ۔ مکالمہ سوچ کی ، فکر کی تدبر کی کھڑکیاں کھولتا ہے ۔ مکالمہ تصویر کا دوسرا رخ دکھاتا ہے ۔ مکالمہ یہ سکھاتا ہے کہ کوئی ہم سے مختلف بھی زاویہ نظر رکھ سکتا ہے ۔ مکالمہ دوسرے کے موقف کو جاننے کا موقع ملتا ہے ۔ وہ واقعی سچ کہتی ہے کہ مکالمہ وہ واحد حل ہے جس کے لئے نہ کسی جھگڑے کی ضرورت ہے نہ جنگ کی ۔ یعنی یہ وہ پل ہے جس کی بنا پر ہم ایک دوسرے سے اختلافات کے باوجود بھی محبت اور سکون سے رہ سکتے ہیں۔
#محموداصغرچودھری
Your comments about this column
اس کالم کے بارے میں آپ کے تاثرات
To change keyboard language from urdu to english or from english to urdu press CTRL+SPACE
آپ کا نام
Admin Login
LOGIN
MAIN MENU
کالمز
امیگریشن کالمز
تصاویر
رابطہ
تازہ ترین
فیڈ بیک
Mahmood Asghar Chaudhry
Crea il tuo badge
Mahmood Asghar Ch.