Mahmood Asghar

Choudhary

اٹلی کا نظام تعلیم ... 12نومبر 2017ئ
Download Urdu Fonts
اٹلی میں رہنے والے میرے قارئین اکثر مجھ سے فرمائشی مضامین بھی لکھواتے ہیں ۔ ایک قاری کی خواہش تھی کہ اٹلی میں بہت سے والدین کو بچوں کی تعلیم کے حوالے سے بہت سے تحفظات ہیں ۔ والدین کے لئے ایک تو زبان کا مسئلہ ہے اور دوسرا انہیں اپنے بچوں کے مستقبل کی بھی فکر ہے تو مجھے اٹلی میں بچوں کی تعلیم کے حوالے سے بھی تفصیلی مضمون لکھنا چاہئے ۔ اٹلی کے نظام تعلیم کے حوالے سے مضمون لکھنے بیٹھا تو تمہید ی تفصیل ہی اتنی لمبی ہوگئی ہے کہ یہ مضمون ایک قسط میں مکمل نہیں ہو سکا ۔ انشاءاللہ اگلے مضمون میں اس کو ختم کرنے کی کوشش کروں گا ۔ )
اٹلی میں 16سال کی عمر تک تعلیم حاصل کرنالازمی ہے یعنی اگر آپ اٹلی میں اپنی فیملی لیکر آتے ہیں اور بچوں کی عمر چھ سے سولہ سال کے درمیان ہے تو آپ پر قانونی طور پر لازم ہے کہ آپ اپنے بچوں کو سکول بھیجیں اگر آپ انہیں سکول نہیں بھیجتے تو میونسپل کمیٹی والے آپ کے گھرپولیس بھیج دیں گے ۔ ویسے تو چھ سال کی عمر سے پرائمری سکول شروع ہوتا ہے لیکن اگر آپ اپنے بچے کونرسری کی تعلیم بھی دلوانا چاہتے ہیں تو اس کے لئے نرسری یا کنڈر گارٹن سکول تین سال سے شروع ہوجاتا ہے البتہ جو خواتین جاب وغیرہ کرتی ہیں ان کے لئے تین سال سے کم عمر بچوں کے لئے بھی ادارے ہیں جنہیں اٹلی میں ”نیدو “ کہا جاتا ہے ۔ ویسے تو ہمارے پاکستانی چھ سال کے عمر میں ہی بچوں کو سکول بھیجنا چاہتے ہیں لیکن میرا مشورہ ہے کہ اگر کوئی فیملی بچوں کو نرسری بھیج سکتی ہوتو انہیں ضرور ان سکولوں میں بھی بچوں کو بھیجنا چاہیے ان سکولوں میںباقاعدہ کتابیں تو نہیں پڑھائی جاتیں لیکن ان کا فائدہ یہ ہے کہ ایک تو بچے کا پرائمری سکول جانے سے پہلے ہی رجحان بن چکا ہوتا ہے ۔ دوسرا ان بچوں کو نہایت ہی تربیت یافتہ اساتذہ کی مدد سے بنیادی آداب سکھائے جاتے ہیں یعنی ان بچوں کو کھانا کھانے اور دیگر حاجات زندگی ادا کرنے اور اپنی صفائی کا خیال رکھنے کے حوالے سے تربیت دی جاتی ہے ان سکولوں سے تربیت حاصل کر کے نکلنے والے بچے دوسرے ہم عمر بچوں سے مرعوب نہیں ہوتے ۔ اور خاص طور پر غیر ملکی بچوں کے بھی پرائمری سکول جانے سے پہلے ہی اطالوی زبان سے آشنائی ہو چکی ہوتی ہے
اٹلی میں تعلیمی سال ستمبر سے شروع ہو کر جون تک چلتا ہے ۔ البتہ جو بچے پاکستان سے آتے ہیں انہیں سال کے کسی بھی مہینے میں سکول بھیجنا لازم ہوتا ہے ۔ پاکستان سے آنے والے بچوں کو اٹلی کے سکولوں میں ان کی عمر کے لحاظ سے بٹھایا جا تا ہے ۔ پاکستان سے اگر آپ ان کی سابقہ تعلیمی اہلیت کا سرٹیفیکیٹ لے آئیں تو بہتر ہے ۔اٹلی کے تمام سکولوںمیںہفتے میں ایک گھنٹہ کیتھولک مذہب کی تعلیم دی جاتی ہے۔ لیکن اگر آپ اپنے بچوں کو مسیحی مذہب کی تعلیم نہیں دلوانا چاہتے تو آپ کو اختیار ہوتا ہے کہ آپ سکول کے درخواست فارم میں لکھ دیں کہ اس پریڈ کے دوران آپ کے بچے کو کوئی دوسری تعلیم دی جائے عمومی طور پرسکولوں کی جانب سے ایسے پراجیکٹ ہوتے ہیں جس میں اس پریڈ کے دوران ان بچوں کو اطالوی زبان بہتر بنانے یا کسی دوسرے مضمون میں جس میںانہیں مشکل ہو اضافی مدد لیتے ہیں ۔اٹلی میں پرائمری سکول کے بچے قانونی طور پر اکیلے سکو ل نہیں جا سکتے ۔والدین کو چھوٹے بچوں کوخود سکول چھوڑنا اور وہاں سے واپس لانا ہوتا ہے۔ ٹیچر جب تک والدین کو دیکھ نہ لیں بچے کو سکول سے باہر نہیں جانے دیتے ۔ سکول کے شروع میں ایک فارم فل کروایا جاتا ہے جس میں والدین اپنے ایسے کسی رشتہ دار کا نام دے سکتے ہیں جو ان کی عدم موجودگی میں بچوں کو سکول سے لے سکیں ۔
اٹلی میں بچوں کی کسی بھی قسم کی ذہنی یا جسمانی معذوری بچوں کو تعلیم کے حق سے محروم نہیں رکھتی ۔ اٹالین قانون میں یہ لازم ہے کہ تمام بچے یا بچیاں کسی بھی قسم کی معذوری چاہے وہ ذہنی ہو یا جسمانی وہ سکول آئیں ۔ سکول کا فرض ہے کہ وہ طالبعلم کےلئے ایسے خصوصی اساتذہ کا انتظام کرے جو اُسکی پڑھائی میں کسی بھی قسم کی کمزوری کو دور کرنے میں تعاون کریں اسلئے اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ آپ کا بچہ کسی ذہنی کمزوری کی وجہ سے دوسرے بچوں سے پیچھے رہ سکتا ہے تو والدین تعلیمی سال شروع ہونے سے پہلے ہی ا سکول کواس کی ذہنی استعداد سے آگاہ کرسکتے ہیں ۔اٹلی کے مختلف صوبوں میں جتنے عرصے تک اسکول آنا لازمی ہے، نصابی کتب مفت فراہم کی جاتی ہیں۔البتہ جن سکولوں میں ایسا انتظام نہیں ہے وہاں بھی آپ کے لوکل کونسل میں ایسے فنڈز موجود ہوتے ہیںجن سے آپ مالی مددلے سکتے ہیں اسی طرح ہائی اسکولوں میں بھی وہ گھرانے جن کی مالی آمدن محدود ہو،کتابوں کی خریداری کےلئے اسکول سے نصف یا مکمل طورپر مالی مدد کا تقاضا کر سکتے ہیں۔یہ مدد ناصرف کتابوں بلکہ اسکول کے تمام مالی اخراجات کےلئے لی جا سکتی ہے(مثلاً تعلیمی سفر وغیرہ)۔اگر آپ کا گھر سکول سے دور ہے تو بچوں کو سکول لے جانے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کا سالانہ ٹکٹ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے جسکی قیمت گھرانے کی مالی حالت کے مطابق ہوتی ہے۔ پاکستان سے آنے والے بچوں کے بارے والدین کو اکثر یہ وہم ہوتا ہے کہ ان کے بچے نئی زبان کیسے سیکھیں گے اس وہم کو ذہن سے جھٹک دیں کیونکہ ہر سکول میں مختلف کورسزکا اہتمام ہوتا جو ایسے طا لبعلموںکےلئے ہوتے ہیں۔ جنہیںابتدئی طور پرزبان سیکھنے یا پڑھائی کےلئے مکمل طور پر سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے اس کے علاوہ مختلف سکولوں میںایسے پراجیکٹ اور خصوصی اساتذہ ہوتے ہیں جن کا مقصد نئے آنے والے غیر ملکی طالبعلموں کواطالوی زبان سکھانااور ہائی اسکول کا انتخاب کرنے میں ان کی مدد کرنا ہوتا ہے۔اس کے علاوہ اطالوی سکولوں میں ثقافتی ترجمان کی سہولت موجود ہوتی ہے جسے اٹالین میں”میدیاتورے “ کہتے ہیں یہ آپ کی ہی زبان کے معاون ہوتے ہیں جو والدین اور سکول کے درمیان رابطے کا ذریعہ بنتے ہیں اگر والدین کو اطالوی زبان سمجھنے میںدقت پیش آتی ہے تو وہ اپنی ہرمیٹنگ کے لئے سکول سے درخواست کر سکتے ہیں کہ وہ اس ترجمان کو بلائیں ۔ یہ ترجمان والدین اور سکول کے درمیان رابطہ کا پل ثابت ہوتا ہے ۔
اطالوی نظامِ تعلیم میں ،والدین اور اساتذہ کے مابین ملاقاتیں بہت اہمیت کی حامل ہیں،تاکہ وہ اپنے بچوں کی پیش رفت کے بارے میں جان سکیں کہ وہ پڑھائی میں کیسے ہیں۔آپ کی سکول کے ساتھ بچے کے امتحانی نتائج یا پراگرس رپورٹ والی میٹنگ ہویا اس کے علاوہ کوئی بھی میٹنگ ہو کوشش کریں کہ وہ کبھی مس نہ کریں کیونکہ اکثر بچے والدین سے جھوٹ بولتے ہیں کہ ان کا رزلٹ بہت اچھا ہے ۔ اپنی اطالوی زبان کے نہ آنے کو اپنی کمزوری نہ بنائیں اور سکول والوں کے ساتھ اس ترجمان ”میدیا تورے “کی موجودگی میں میٹنگ کریں تاکہ آپ کو پتہ چل سکے کہ آپ کا بچہ کن مضامین میں کمزور ہے یا اس کی تعلیمی صلاحیت کیسی ہے۔ ہر تعلیمی سال کے آخر ی میٹنگ میں طالب علم کی تعلیمی استعداد کے بارے میں پراگریس رپور ٹ یارزلٹ کارڈ دیاجاتا ہے۔طالب علم کی پراگریس رپورٹ یا” پاجیلا “کی حیثیت سرٹیفیکیٹ جیسی ہوتی ہے ،اسمیں تمام مضامین کے نتائج اور طالبعلم کی استعدادو رویے کے متعلق رائے لکھی ہوتی ہے ۔میٹنگ میں ہر مضمون کو پڑھانے والا استاد فرداً فرداً آپ کے بچے کی پراگرس بتاتا ہے ۔
ہر سال ا سکول اپنے طلبا ءکے لئے تعلیمی و تفریحی دوروں کا اہتمام کرتا ہے۔اس مقصد کے لئے مختلف جگہوںکا انتخاب کیا جاتا ہے جیسے آثارِ قدیمہ،قدرتی ماحول،اہم تعمیرات وغیرہ۔طلباءکو ایسی سیروں پر بھیجنا قانونی طور پر لازمی نہیں ہوتا ۔ اور یہ سیریں مفت بھی نہیں ہوتیں ۔مگرمیری ذاتی رائے ہے کہ بچے کی تربیت کے لئے یہ بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہےں ۔ان سیروں کے اخراجات کےلئے ضرورت مند خاندانوں کے لئے کم یا پھر مکمل طور پر معاف کروانے کے لئے آپ سکول ٹیچر سے بات کر سکتے ہیں ۔ اٹلی میں بچے بلا ضرورت غیر حاضر نہیں رہ سکتے ۔ کسی بھی قسم کی غیر حاضری کی صورت میں والدین کو غیرحاضریوں کا جواز پیش کرنا لازمی ہے۔جب طالبعلم اسکول دیر سے آئے یا چھٹی سے پہلے ہی چلا جائے تو اِس صورت میں بھی والدین کی طرف سے تحریری جوازپیش کرنا لازمی ہوتاہے۔ سکول میں ہر بچے کو ایک ڈائری یا نوٹ بک دی جاتی ہے ۔ یہ ڈائری سکول اور والدین کے درمیان رابطہ کا بہترین رابطہ ہے والدین کو چاہیے کہ وہ ہر روز اس ڈائری کو پڑھیں اس میں اساتذہ اور سکول کی جانب سے اہم پیغامات ہو سکتے ہیں اسی طرح والدین بھی اگر کوئی بات ٹیچر تک پہنچانا چاہیں تو اس ڈائری میں لکھ سکتے ہیں جس میں غیر حاضری کی صورت میں وجہ ، اسکول دیر سے آنے یا جلدی گھر آنے کے بارے اطلاعات لکھی جا سکتی ہیں ۔ اس کے علاوہ سکول انتظامیہ بچے کے لئے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے یا نہ لینے کا اجازت نامہ فارم بھی اسی ڈائری میں بھیجتا ہے اور اسی ڈائری میں اس کے سکول میں رویے کے بارے اہم باتیں درج ہوتی ہیں ۔
باقی آئندہ
تحریرمحمود اصغر چودھری



Your comments about this column
اس کالم کے بارے میں آپ کے تاثرات
To change keyboard language from urdu to english or from english to urdu press CTRL+SPACE
آپ کا نام

Admin Login
LOGIN