Mahmood Asghar

Choudhary

ویلنٹائین ڈے ، انسان اور انس ... 14 فروری 2024 ء‌
Download Urdu Fonts
انسان کا لفظ انس سے نکلا ہے ۔۔جس کا مطلب ہے محبت ۔ یعنی انسان لفظ کی جڑوں میں ہی محبت کا عنصر شامل ہے ۔ یعنی انسان کو بنائے جانے والی مٹی کا خمیر ہی محبت سے اٹھایا گیا ہے ۔ یعنی انسان ہے ہی وہی جو محبت کرتا ہے ۔ محبت ایک ایسا جذبہ جو نہ صرف انسانوں کو آپس میں جوڑے ہوئے ہے بلکہ یہ وہ واحد کیفیت ہے جواس دنیا میں انسان کو نہ صرف خالق سے بلکہ دیگرمخلوقات سے بھی جوڑے ہوئے ہے ۔ محبت کو کسی بھی معاشرے سے نکال دیں تو باقی صرف نفرت ، حسد اور دشمنی کی آگ ہی بچتی ہے ۔جو معاشرے میں عدم برداشت ، انتشار اور بدامنی پیدا کرتی ہیں ۔ فروری کے مہینے میں بہار کی آمد سے بھی پہلے کچھ ممالک میں یوم محبت منایا جاتا ہے۔ جسے ویلنٹائین ڈے کہا جاتا ہے ۔ اس دن پھولوں کا تبادلہ ہوتا ہے ۔ چھوٹے چھوٹے بچے سکولوں میں اپنے اساتذہ کو ویلنٹائین کارڈ لکھتےہیں ۔ اساتذہ بچوں کو اپنے والدین کے لئے محبت بھرا کارڈ لکھنے کی ترغیب دیتے ہیں ۔ محبت کرنے والے جوڑے ایک دوسرے کو پھول پیش کرتے ہیں اور چاکلیٹس کے تحائف پیش کئے جاتے ہیں ۔ لیکن کچھ معاشروں میں اسے مغربی تہوار کہہ کر اس کا بائیکاٹ کیا جاتا ہے ۔ بلکہ کچھ ممالک میں تو ایک قدم آگے بڑھ کر اسے بے حیائی قرار دیا جاتا ہے ۔ یہ ایسے معاشرے ہیں جہاں سر عام لڑائی کرنے کو تو معیوب نہیں سمجھا جاتا البتہ سر عام محبت کا اظہار کرنا برا تصور کیا جاتا ہے ۔ ملک و مذہب کی توہین کا الزام عائد کرکے سر عام کسی کو پتھر مار دیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتاالبتہ سر عام کسی کو پھول پیش کرنا بےحیائی سے تعبیر کیا جاتا ہے ۔ کسی کو احترام دینا کسی کو عزت دینا خوشامد کے معنی میں آتا ہے ۔اور کسی کی بے عزتی کرنا یا تکبر سے کسی کا ٹھٹھہ اڑانا فخر کی علامت سمجھا جاتا ہے ۔ نہ صرف زبانی کلام سے بلکہ کسی تحریر یا سوشل میڈیا پوسٹ سے کسی کی عزت اچھالنے کو بے باک پن تصور کیا جاتا ہے ۔ ایسے معاشرے میں شادی اگر جہیز، حیثیت ، رنگ نسل، خاندان ، مالی مفادات وغیرہ کی بنا پر طے کی جائے تو قابل قبول ہے البتہ اپنی پسند کی شادی معیوب سمجھی جاتی ہے ، معاشرے میں ٹیچر بھاری ٹیوشن کے نام پر رشوت لے تو کوئی مسئلہ نہیں ہے البتہ اس کا شکریہ ادا کرنے کے لئے اسے ویلنٹائین ڈے پر کارڈ نہیں لکھا جاسکتا۔ محبت کا متضا د لفظ نفرت ہے ، حیا نہیں ہے ۔ لیکن بعض ممالک میں یوم محبت کے مقابلے میں یوم حیا منایا جاتا ہے ۔ یہیں سے معاشرے کی کنفیوژن واضح ہوتی ہے کہ ایسے معاشرے میں محبت کتنا معیوب عمل ہے ایک اطالوی لکھاری روبیرتو بینیی کا کہنا ہے آج کے انسان کا بنیادی مسئلہ محبت ہے ۔ آئیے جلدی سے محبت کریں ۔ ہمار ے پاس زندگی اور وقت کم ہے اسے نفرت کرنے میں ضائع نہ کریں ہم محبت کے معاملے میں ہمیشہ دیر کرتے ہیں اور اسے ختم کرنے میں جلدی کرتے ہیں ۔ ہماری زندگی کے اختتام پر یہ دیکھا جائے گا کہ ہم نے کتنی محبت پھیلائی ہے اسی طرح ایک حدیث بھی ہے حضرت جابررض سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا ۔ایمان والا محبت کرتا ہے اور اس سے محبت کی جاتی ہے ۔ ایسے شخص میں کوئی بھلائی نہیں جو نہ محبت کرے اور نہ اس سے محبت کی جائے ۔ اور لوگوں میں بہترین شخص وہ ہے جو سب سے زیادہ لوگوں کو نفع پہنچانے والا ہو ۔ (دار قطنی ، جامع صغیر) #محموداصغرچودھری



Your comments about this column
اس کالم کے بارے میں آپ کے تاثرات
To change keyboard language from urdu to english or from english to urdu press CTRL+SPACE
آپ کا نام

Admin Login
LOGIN