Mahmood Asghar

Choudhary

20مارچ خوشی کا عالمی دن ... 20 مارچ 2024
Download Urdu Fonts
20مارچ خوشی کا عالمی دن
محمود اصغرچودھری
دنیا بھر میں آج خوشی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ۔اقوام متحدہ نے 2012ء میں ایک قراردا دکے نتیجے میں اس دن کو منانے کا اعلان کیا تھا ۔ خوشی آجکل کے دور میں نا پیدہوچکی ہے ۔ عالمی سیاسی حالات اور معاشی ناانصافیوں نے لوگوں کے لبوں سے مسکرانے اور خوش ہونے کی حس چھین لی ہے ۔ لیکن انسان کی خوشی کا تو سفر ہی امید اور جدوجہد سے نکلتا ہے ۔ اس لئے آج کے دن کم از کم کوشش کریں کہ ہم ایک دوسر ے میں خوشیاں بانٹیں ۔ فلسفیوں ، جوگیوں ، صوفیوں اور دانشوروں نے جو چند اصول وضع کئے ہیں اگر دل سے ان پر عمل کر لیں تو تاریک سے تاریک حالات میں بھی خوشیاں ڈھونڈی جا سکتی ہیں ۔
خلیل جبران نے لکھاہے کہ انسان کے پاس بہترین چیزوں کا موجود ہونا خوشی نہیں دیتا بلکہ جو اس کے پاس ہے اس میں سے بہترین کشید کرلینا وہی خوشی ہے ۔ اس کی مثا ل یوں سمجھ لیجئے کہ اگر کسی کے پاس اتنی دولت ہے کہ وہ بہترین کھلونے یا کھیل کا سامان خرید سکتا ہے لیکن اس کو کوئی بچہ نہیں ہے یا اس کا کوئی دوست نہیں ہے جس کے ساتھ وہ کوئی کھیل کھیل سکے تو خوشی کیسے ملے گی ؟ اس کے بر عکس اگر آپ کے دوست ہیں یا آپ کے ساتھ کھیلنے والے بچے ہیں تو پھر آ پ بغیر کسی سامان کے خالی آنکھ مچولی کھیل کر بھی خوش ہو سکتے ہیں ۔
آئیے کچھ ایسے اصولوں کی بات کرتے ہیں جو خوشی کے معاملے میں دانشوروں کی کئی سال کی محنت کا نچوڑ ہیں ان پر عمل کر لیں تو میں گارنٹی دیتا ہوں کہ آپ خوش رہیں گے ۔
1۔ آج کو آج میں جئیں ۔ آپ نے غو ر کیا ہے کہ ہم بیٹھے تو حال میں ہوتےہیں لیکن ہماری فکریں یا توآنے والے کل کی ہوتی ہیں یا پھر ہم اس دکھ سے ہی نہیں نکل پا رہے ہوتے جو گزشتہ کل میں ملا تھا۔ اگر ہم ماضی کی تکلیفوں کو سوچنا چھوڑ دیں اور کل کیا ہونے والا ہے اس کا خوف ختم کر دیں تو اس لمحے کو بڑ ی خوشی سے جی سکتا ہے ۔ کسی نے لکھا ہے کہ جس کل کے بارے میں آپ پریشان ہو کر ہلکان ہو رہے ہوں عین ممکن ہے اس کل میں آپ موجود ہی نہ ہوں ۔۔ آئیے اپنی زندگی کےہر پل کو ایسے جیئے جیسے یہ زندگی کا آخری پل ہے
2۔ منفی خیالات سے پیچھا چھڑا لیں ۔ اپنی سوچ کو مثبت بنا لیں ۔ اگر برا وقت چل رہا ہے تو یہ سوچیں کہ یہ جلد جانے والا ہے ۔مثبت سوچیں امید پیدا کرتی ہیں ۔ امید خوشی کی کرن بن کر جگمگاتی ہے ۔
3۔ مایوسی کا شکار اور حاسد لوگوں سے جان چھڑا لیں چاہے وہ آپ کے دوست ہی کیوں نہ ہوں ۔ یاد رکھیں جن کو آپ میں سے کچھ بھی اچھا نظر نہیں آتا اور جو خود بھی ہر وقت روتے رہتے ہیں ۔ یقین مانئیے وہ کبھی بھی آپ سے خوش نہیں ہوں گے ان سے جان چھڑا لیں
4۔ خواب دیکھنا شروع کر دیں ۔ کہتے ہیں کہ جاگتی آنکھوں سے دیکھے جانے والے خواب نیند والے خوابوں سے زیادہ خوشی دیتے ہیں کیونکہ اگر آپ ان کے لئے جدوجہد کرنا شروع کر دیں اور ان کا کچھ فیصد بھی حاصل کر لیں تو آپ خوش ہوجائیں گے
5- اپنی صلاحیتوں میں نکھار لائیں۔ آپ طالبعلم ہیں ، شاعر ہیں ، لکھاری ہیں ، گلوکار ہیں ، کھلاڑی ہیں یا پھر کسی بھی شعبے میں عام سے ورکر اگر آپ تھوڑی سی محنت سے اسی کام میں سے کچھ نیا کریں گے تو آپ کو حقیقی خوشی ملے گی ۔ مثلاً اگر آپ کھانا ہی اچھا بناتے ہیں اور اس میں تھوڑا سا نکھار لا کر اسے اور اچھا بنائیں گے تو آپ کوخود کی قابلیت کے بڑھنے پر خوشی ملے گی
6۔ پیار بانٹیں ۔ احترام دیں ۔ لوگوں میں خوشیاں بانٹنا شروع کر دیں آپ کو خوشیاں ملنا شروع ہوجائیں گے ۔ دفتر جاتے سکول جاتے آپ اپنے کولیگز کو مسکرا کر ملیں ۔ اخلاق سے پیش آئیں تو آپ دیکھیں گے کہ لوگ آپ کی سنگت میں خوش ہیں اور آپ کوبھی خوشی ملے گی۔ کہتے ہیں کہ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ خوبصورت نہیں ہیں تویاد رکھیں کی اخلاق سے آپ حسن کی کمی پورا کرسکتے ہیں
7۔ درگزر کرنا سیکھیں ۔اگر لوگ اگر آپ کے ساتھ کچھ غلط کرتے ہیں تو آپ کے دل میں ان کے لئے نفرت پیدا ہوتی ہے ۔ نفرت آگ ہے جو آپ کو بھی اندر سے جلا کر خوشی چھین لیتی ہے ۔ آپ لوگوں کو معاف کر دیں اور اس آگ سے اپنے آپ کو نکال لیں
8۔ خود کو وقت دیں ۔ اگر آپ کی صحت ٹھیک نہیں ہے تو دنیا بھر کی دولت ، دوست اور محبتیں بھی آپ کو خوشی نہیں دے سکتیں تو سب سے پہلے تو اپنے آپ کو وقت دیں ۔ کسی دن آپ بہت زیادہ ڈپریس ہوں تو کسی باغ میں سیر کر کے دیکھیں منفی خیالات بھاگ جائیں گے
9-جھوٹ کا سہارا ۔ خوشی دینے کی خاطر ہلکا پھلکا جھوٹ کا سہارا لے لیں مثلاً کسی کے کپڑوں کی ، کسی کے حسن کی، کسی کی صلاحیتوں کی ، یا پھر کسی بھی بات کی جھوٹی موٹی بھی تعریف کر دیں تو اس کا سارا دن خوشی میں گزرے گا ۔ حوصلہ افزائی ، ڈھارس اور تسلی لوگوں کو خوشی پہنچاتی ہے
10-اور آخر میں سب سے بہتر اصول جو خوشی حاصل کرنے کانچوڑ ہے ۔ یہ اصو ل کبھی بھی آپ کو مایوس نہیں کرے گا ۔ وہ ہے لوگوں کو دینے کی عادت بنالیں ۔ کسی صوفی سے پوچھا گیا کہ خوشی کیسے ملتی ہے تو جواب آیا کہ جب کسی کو کچھ دو اور جواب میں تمہیں کچھ نہ ملے تو وہ جو کچھ نہیں ملتا اسے خوشی کہتے ہیں ۔ یعنی اگر آپ کسی غریب ، محتاج ، یا کسی ایسے شخص کو رقم دیتے ہیں جو واپسی میں آپ کو کچھ نہیں دے سکتا تو آپ کو حقیقی خوشی ملتی ہے ۔ آپ کسی کو تحفہ دیں ، کسی پڑوسی کو کھانا بھجوائیں یا پھر کسی ضرورت مند کی مدد کر دیں تو آپ کو وہ روحانی خوشی ملے گی جو کسی اور کام میں نہیں ملے گی ۔۔ توآئیے خوشیاں بانٹنے کا دن آج سے ہی مناتے ہیں
آج ہر ایک کی پوسٹ کے نیچے جا کر اچھا کمنٹ کریں اسے خوشی ملے گی ۔ کسی کی تعریف کر دیں اسے خوشی ملے گی ۔ آج آپ کو اپنا دکھ سنانا چاہتا ہے تو اس کی بات تسلی سے سنیں اسے خوشی ملے گی ۔
#محموداصغرچودھری



Your comments about this column
اس کالم کے بارے میں آپ کے تاثرات
To change keyboard language from urdu to english or from english to urdu press CTRL+SPACE
آپ کا نام

Admin Login
LOGIN